English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

غزہ کی صورت حال خوفناک ہے‘ عالمی طاقتیں جنگ بندی میں کردار ادا کریں‘ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

نیویارک: وزیراعظم شہبازشریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں شریک ہیں، چھوٹی تصویر میں نیویارک پہنچنے پر وزیراعظم شہبازشریف کا استقبال کیا جارہاہے

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک/آن لائن /صباح نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ غزہ کو مسلسل خوفناک صورت حال کا سامنا ہے، عالمی طاقتوں کو جنگ فوری روکنے اور فلسطین کے 2 ریاستی حل میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے79 ویں سالانہ اجلاس کے افتتاحی سیشن میں خطاب کرتے ہوئے انتونیوگوتریس نے کہا کہ
دنیا طوفانوں کی زد میں ہے، ہمیں ایسے چیلنجز کا سامنا ہے جن کا کبھی سامنا نہیں ہوا‘ دنیا کو ماحولیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے، تباہ کن تبدیلیوں کی سب کی بڑی وجہ کاربن کا اخراج ہے، جس کی روک تھام بہت ضروری ہے۔ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اپنے قیام کے مقاصد پورے کرنے میں ناکام ہوچکا ہے۔ترک صدر نے منگل کو جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری فلسطینی عوام کے لیے اپنی ذمہ داری کو پورا کرنے میں مزید تاخیر نہ کرے‘ اقوام متحدہ کو دوسری جنگ عظیم میں لاکھوں افراد کی ہلاکت کے بعد بین الاقوامی امن و سلامتی برقرار رکھنے کے لیے قائم کیا گیا تھا لیکن بدقسمتی سے گزشتہ چند سالوں میں یہ ادارہ اپنے قیام کے مشن کو پورا کرنے میں ناکام رہا اور رفتہ رفتہ ایک غیر فعال ڈھانچہ بن چکا ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی فوری ضرورت ہے، مشرق وسطیٰ میں جنگ کا پھیلائو کسی کے حق میں نہیں۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بطور امریکی صدر اپنا آخری خطاب کرتے ہوئے جوبائیڈن نے کہا کہ کسی بھی ملک کو حق ہے کہ وہ یقینی بنائے کہ اس پر دوبارہ حملہ نہ ہو، دنیا 7 اکتوبر کے ہولناک واقعات کو کبھی نظر انداز نہیں کرسکتی‘ مسئلہ فلسطین کا حل 2 ریاستی حل ہے، فلسطینیوں کو اپنی ریاست میں رہنے کا حق ملنا چاہیے، غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی فوری ضرورت ہے، غزہ کی صورتحال خراب ہے لیکن سفارتی حل اب بھی ممکن ہے۔جو بائیڈن نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ کا پھیلائو کسی کے حق میں نہیں، غزہ میں ہزاروں شہری اور اسرائیلی قیدیوں کے اہل خانہ سخت مشکل سے گزر رہے ہیں۔جو بائیڈن نے کہا کہ مصنوعی ذہانت نے ہماری زندگی بدل دی ہے ہمیں اس ٹیکنالوجی کا استعمال ذمہ داری سے کرنا ہوگا اور اسے محفوظ بنانا ہوگا، مصنوعی ذہانت کو اچھے اور برے دونوں کاموں میں استعمال کیا جا رہا ہے، مصنوعی ذہانت کے لیے عالمی قوانین بنانے کی ضرورت ہے۔ایران کے صدر کا کہنا ہے کہ غزہ سے اسرائیلی قبضے کا خاتمہ عالمی امن و ترقی کے لیے لازمی ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے اہداف کی تقویت کے زیر عنوان منعقدہ نشست سے صدر ایران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس دنیا میں غزہ کے عوام بے رحمی کے ساتھ قتل کیے جا رہے ہوں اور دہشت گردی و نسل کشی کی حمایت کی جا رہی ہو، اس صورتحال میں کوئی بھی دستاویز امن و ترقی کی ضمانت نہیں دے سکتی۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ غزہ جیسے سانحات حل ہونے تک پائیدار ترقی حاصل نہیں ہوسکتی۔ اقوام متحدہ کی فیوچر سمٹ سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ فیوچر پیکٹ 100 سے زاید ممالک کے لیے ترقی، عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات کا موقع فراہم کرتا ہے‘ یہ معاہدہ تب ہی تبدیلی کا باعث بنے گا جب اس میں کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کے لیے قرض کے اخراجات کم کرنا ہوں گے، عالمی مالیاتی اداروں میں ترقی پذیر ممالک کی نمائندگی بہتر کرنا ہوگی۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے