اسلام آباد(اسپورٹس ڈیسک)سابق ٹیسٹ کرکٹر حسن رضا نے کہا ہے کہ پنجاب پریمیئر لیگ ملک کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے بہترین پلیٹ فارم ہے، بچوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع ملے گا اور ملک میں کرکٹ مزید پروموٹ ہوگی،پاک بھارت دو طرفہ سیریز نہ ہونے کے باعث نہ صرف کرکٹ کے کھیل کا نقصان ہو رہا ہے بلکہ دنیا بھر کے شائقین کرکٹ بھی بہترین مقابلے دیکھنے سے محروم ہیں،پنجاب پریمیئر لیگ سے پاکستان کرکٹ ٹیم کو10 لڑکے بھی مل گئے تویہ بہت بڑی کامیابی ہو گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پنجاب پریمیئر لیگ کے برانڈ ایمبیسڈر اور راولپنڈی مارخور ٹیم کے سی ای او چوہدری ندیم منظور بیگا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ حسن رضا نے مزید کہا کہ اس لیگ کا مقصد ملک بھرکے نوجوانوں کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھتے ہوئے کھیلوں کی صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے، لیگ میں8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں راولپنڈی مارخور سمیت لاہور، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور رحیم یار خان شامل ہیں۔ اس موقع پر پنجاب پریمیئر لیگ کے برانڈ ایمبیسڈر اور راولپنڈی مارخور ٹیم کے سی ای او چوہدری ندیم منظور بیگا نے کہا کہ لیگ کرانے کا مقصد نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب واپس لانا اور ملک میں ویران کرکٹ میدانوں کو آباد کرکے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع فراہم کرنا ہے،یہ لیگ 04 سے 11 اکتوبر کے دوران گوجرانوالہ میں منعقد ہو گی۔ راولپنڈی مارخور کی ٹیم کی سلیکشن کیلئے آٹھ سو سے زائد بچوں نے ٹرائل دیئے جن میں سے بیس بچوں کی میرٹ پر سلیکشن کی جائیگی۔ ملک کے نوجوانوں میں منشیات کیبڑھتیہوئیاستعمال کو کم کرنے اور انہیں صحت مندانہ ماحول فراہم کرنے کیلئے لیگ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ٹیم کی کوچنگ حسن رضا کرینگے جبکہ کامران اکمل بھی ٹیم سلیکشن کا حصہ ہونگے، ہم نوجوانوں کو بہترین پلیٹ فارم مہیا کرینگے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھار کر اپنا اور ملک کا نام روشن کر سکیں۔
