English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

فٹبال فیڈریشن کے صوبائی و علاقائی انتخابات کا کامیابی سے انعقاد

فیفا نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک پریس کانفرنس کررہے ہیں

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی نے صوبائی اور علاقائی انتخابات کی تکمیل کا مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا، ہارون ملک کی سربراہی میں کام کرنے والی این سی نے دیگر ارکان محمد شاہد نیاز کھوکھر، سعود ہاشمی اور حارث عظمت کی معاونت سے فیفا اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن کی نگرانی میں ترتیب دیے گئے انتخابی روڈ میپ کو مکمل کرنے کیلئے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔چیئرمین ہارون ملک نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس پیشہ ورانہ مہارت اور سخت محنت پر روشنی ڈالی جس کے ساتھ پی ایف ایف این سی نے یہ انتخابات کرائے ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی سطح کے الیکشن پاکستان میں منتخب فٹبال باڈی کی بحالی کیلئے فیفا کی جانب سے ہمیں دیئے گئے مینڈیٹ میں ایک اہم سنگ میل ہیں، این سی نے ابتدا سے ہی ایک منصفانہ اور شفاف عمل کو یقینی بنایا جس کا آغاز کلبز کی تاریخی اسکروٹنی سے ہوا، اس کے بعد ضلعی انتخابات مکمل ہوئے، حال ہی میں ہونے والے صوبائی انتخابات میں ملک کی فٹبال برادری نے بھرپور حصہ لے کر این سی اور سسٹم پر اعتماد کا اظہار کیا۔
ہارون ملک نے کہا کہ این سی نے آل پاکستان ڈسٹرکٹ چیمپئن شپ میں کلبز کی شرکت کو یقین بنایا، جانچ پڑتال کا مرحلہ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے ایک بنیادی قدم تھا کہ صرف حقیقی فٹبال اسٹیک ہولڈرز انتخابی عمل میں شامل ہوں، این سی نے بنیادی مینڈیٹ الیکشن کے ساتھ پاکستان فٹبال کے وسیع تر آپریشنز کو منظم کرنے کیلئے بھی بے پناہ کام کیا، فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز کی میزبانی کا اعزاز حاصل کرنے کے ساتھ انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک سرگرمیاں بحال کی گئیں۔ نارملائزیشن کمیٹی نے تمام سرگرمیوں میں پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھا، مزید یہ کہ فٹسال ایونٹس کے انعقاد کے ساتھ کوچز اور ریفریز کیلئے کورسز کا اہتمام کیا گیا۔این سی کے رکن شاہد نیاز کھوکھر نے پی ایف ایف کی کمان منتخب باڈی کو حوالے کرنے کیلئے اگلے 2 مراحل کے حوالے سے آگاہ کیا،انہوں نے بتایا کہ پہلے کانگریس کی تشکیل پھر ایگزیکٹو کمیٹی کیلئے انتخابات ہوں گے۔ اس موقع پر این سی کے چیئر پرسن ہارون ملک اور دیگر ارکان نے ہر قدم پر بھرپور ساتھ دینے پر فٹبال برادری اور میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ بھی صاف اور شفاف سسٹم کے تحت معاملات چلانے کی بھرپور کوشش جاری رہے گی۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے