کانپور(اسپورٹس ڈیسک )بھارت اور بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کانپور میں سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے لیے لنگوروں کو سکیورٹی کے لیے تعینات کردیا گیا ۔دراصل اتر پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن نے کان پور میں ٹیسٹ میچ کے دوران بندروں کو اسٹیڈیم میں گھسنے سے روکنے کے لیے لنگوروں کی خدمات حاصل کی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بندر کرکٹ میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں پہنچنے والے شائقین سے کھانے پینے اور موبائل فون جیسی دیگر اشیا چھین لیتے ہیں جس کی وجہ سے شائقین کو پریشانی ہوتی ہے۔اس کے علاوہ بندر براڈکاسٹر ٹیم میں شامل کیمرہ مین سے بھی کھانے پینے کی اشیا چھین جاتے ہیں۔ بھارتی اخبار کی رپورٹ کے م طابق بندر لنگوروں سے ڈرتے ہیں اس لیے حکام نے تربیت یافتہ لنگوروں کو اسٹیڈیم کے باہر سکیورٹی کے لیے تعینات کیا ہے تاکہ اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کے لیے آئے شائقین کو بندروں کی جانب سے کوئی پریشانی نہ ہو۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسٹیڈیم میں سکیورٹی اہلکار بھی موجود ہوں گے، صرف بندروں کو اسٹیڈیم میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے لنگروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔واضح رہے کہ جمعہ کو شروع ہونے والے کان پور ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام پر بنگلادیش نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنائے۔
، میزبان ٹیم کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔
