English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اڈیالہ جیل کے لاپتا ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ گھر پہنچے یا نہیں،  وکیل نے بتا دیا

راولپنڈی:اڈیالہ جیل کے لاپتا ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کے گھر پہنچنے کی گتھی تاحال سلجھ  نہیں سکی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وکیل ایمان مزاری نے عدالت میں پیشی  کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اڈیالہ جیل کے لاپتا ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ گھر نہیں پہنچے ہیں، اس حوالے سے خبروں میں صداقت نہیں جب کہ اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ محمد اکرم گھر پہنچ گئے ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں جسٹس چوہدری عبدالعزیز کے روبرو اڈیالہ جیل کے لاپتا ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کی بازیابی کے حوالے سے دائر پٹیشن پر سماعت ہوئی، جس میں وزارتِ دفاع اور داخلہ کی جانب سے رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ لاپتا ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کسی بھی ادارے کی تحویل یا حراست میں نہیں ہیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ افسران کی جانب سے بیان حلفی داخل کروائے جائیں۔

اس موقع پر پٹیشنر میمونہ ریاض اپنی وکیل ایمان مزاری کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئیں، جہاں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ محمد اکرم کی فیملی کو سرکاری رہائشگاہ سے نکال دیا گیا ہے، جس پر عدالت نے جیل انتظامیہ سے سرکاری رہائشگاہ خالی کرانے پر جواب طلب کرلیا گیا۔

وقفے کے بعد سماعت پر حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے انہیں ہدایت کی کہ وزارت دفاع وداخلہ کی جانب سے جواب لیگل ڈیپارٹمنٹ نے جمع کروایا ہے۔ آپ سیکرٹریز سے پوچھ لیں۔

بعد ازاں عدالت نے سماعت 2 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

قبل ازیں اطلاعات تھیں کہ اڈیالہ جیل راولپنڈی کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جو 13 اور 14 اگست کی درمیانی رات سے لاپتا تھے، واپس گھر پہنچ گئے۔ محمد اکرم پر بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی مبینہ سہولت کاری کا الزام تھا۔ ذرائع کے مطابق محمد اکرم 25 ستمبر کو گھر پہنچے تاہم ان کے اہل خانہ نے واپسی کی اطلاع کسی کو نہیں دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے