امریکا کی ایک عدالت نے ایک امریکی فوجی کو انتہا پسند تنظیم داعش کی مدد کرنے کے الزام میں چودہ سال قید کی سزا سنائی ہے۔ چوبیس سالہ کیرول برج کا تعلق امریکی ریاست اوہایو سے ہے۔ اس نے ایک سیل فون کال کے دوران ایک دہشت گرد سے گفتگو کے دوران اُسے بتایا تھا کہ امریکی فوج سے کس طور نپٹا جاسکتا ہے۔
کیرول برج نے عدالت میں اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُسے زیادہ سے زیادہ یا چالیس سال قید کی سزا دی جانی چاہیے۔ اس نے بتایا کہ داعش سے تعلق رکھنے والے ایک دہشت گرد سے فون پر گفتگو میں اس نے امریکی فوج کی حکمتِ عملی سے متعلق تفصیلات شیئر کیں جو قومی سلامتی کو داؤ پر لگانے والا معاملہ ہے۔
نیو یارک میں مینہیٹن کورٹ میں پانچ گھنٹے سے بھی زیادہ دیر تک جاری رہنے والی کارروائی کے بعد کیرول برج کو سزا سنائی گئی۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس نے خود استدعا کی تھی کہ اُسے زیادہ سے زیادہ چالیس سال قید کی سزا سنائی جائے۔
نیو یارک کی مینہیٹن فیڈل کورٹ میں جج لیوئس جے لائمین سے گفتگو کے دوران کیرول برج کا کہنا تھا کہ وہ سزا تو بھگت ہی لے گا مگر جو کچھ اس نے کیا اُس کا افسوس زندگی بھر رہے گا۔ کیرول برج پر الزام لگایا گیا تھا کہ اس نے دہشت گردوں کی معاونت کی ہے اور امریکی فوج کی حکمتِ عملی سے متعلق حساس معلومات انہیں دیں۔

