بھارت کی مشرقی ریاست مغربی بنگال میں ریاستی اسمبلی کے ایک رکن نے خصوصی پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت اُن کی خصوصی تکریم کی جائے گی جن کے سر کے بال غائب ہوچکے ہیں۔
شوکت ملا کا کہنا ہے کہ جب کوئی شخص زندگی بھر محنت کرتا ہے، مختلف آزمائشوں سے دوچار ہوتا ہے تب وہ کامیابی کے لیے کوششیں بھی کرتا ہے۔ اس کوشش میں اس کے سر کے بال غائب ہو جاتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ وہی لوگ عقل مند ہیں جن کے بال غائب ہوچکے ہیں یا بہت کم رہ گئے ہیں۔
شوکت ملا نے اپنے حلقہ انتخاب کے دو علاقوں میں ایک پروگرام منعقد کیا جس میں بڑی عمر کے گنجوں کو پھول اور تحائف دیے گئے۔ پہلے مرحلے میں 100 گنجوں کی تکریم کی گئی ہے۔ شوکت ملا کا کہنا ہے کہ ایسے مزید پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے۔
شوکت ملا کے حلقہ انتخاب کا نام کیننگ ایسٹ ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ معاشرے میں انہیں احترام کی نظر سے نہیں دیکھا جاتا جو اپنے اہلِ خانہ اور معاشرے کے لیے اپنی زندگی کھپادیتے ہیں۔ ہمیں اُن کی طرف متوجہ ہونا چاہیے، اُنہیں احترام کی نظر سے دیکھنا چاہیے۔
شوکت ملا کی سوچ کو مجموعی طور پر سراہا جارہا ہے۔ سوشل میڈیا پر تبصروں کی بھرمار ہے۔ سوشل میڈیا کے بیشتر صارفین کا استدلال ہے کہ یہ بہرحال ایک اچھا قدم ہے۔ جو لوگ اپنے خاندان اور معاشرے کے لیے زندگی کھپادیتے ہیں اور پھر بھی کوئی انہیں جانتا نہیں اور احترام نہیں کرتا اُن کے لیے یہ پروگرام نعمت سے کم نہیں۔ یہ بھی کیا کم ہے کہ کسی کو اُس کی محنت کی بنیاد پر احترام کی نظر سے دیکھا جائے۔

