لاہور : سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے سلسلے میں پولنگ کل منگل کو ہوگی۔
کل پاکستان بنیاد پر منعقد ہونے والے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں لاہور سمیت ملک بھر کے دیگر حصوں میں پولنگ اسٹیشنز قائم کردئیے گئے ہیں، سپریم کورٹ بار کے آٹھ عہدوں پر 17امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے، ملک بھر کے سپریم کورٹ بار کے 4021وکلا ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرکے نئی قیادت منتخب کریں گے۔
سپریم کورٹ بار کی صدارت کیلئے منیر احمد کاکڑ اور میاں رؤف عطا کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ ہے جبکہ سپریم کورٹ بار کے دوسرے اہم عہدے سیکرٹری کیلئے سلمان منصور اور زاہد اسلم اعوان مدمقابل ہیں، نائب صدارت بلوچستان کیلئے سید اقبال شاہ اور محمد اسحاق نوتزئی، نائب صدارت کے پی کے کیلئے فدا بہادر اور محمد حبیب قریشی، نائب صدارت پنجاب کیلئے رانا بختیار اور رانا غلام سرور جبکہ نائب صدارت سندھ کیلئے یوسف مولوی، خوشحال خان اعوان اور ندیم قریشی کے مابین مقابلہ ہے، ایڈیشنل سیکرٹری کیلئے اورنگزیب خان اور زبیر حسین جرال جبکہ فنانس سیکرٹری کیلئے اورنگزیب میر اور چوہدری تنویر اختر مدمقابل ہیں۔
سپریم کورٹ بار الیکشن میں ملک بھر سے 4021وکلا ووٹ کا حق استعمال کرینگے، بلوچستان سے 263، کے پی کے سے 517، سندھ کے 683، لاہور سے 1404، بہاولپور سے 111، اسلام آباد راولپنڈی سے 769 اور ملتان سے 274 وکلا ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرینگے۔ چیئرمین الیکشن بورڈ ظفر محمود مغل سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کی نگرانی کریں گے۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری سمیت ملک بھر میں پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے جبکہ الیکشن کو شفاف بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے گئے ہیں، پولنگ کا عمل صبح ساڑھے آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔اس دوران دن ایک بجے سے دو بجے تک کھانے اور نماز کیلئے وقفہ کیا جائے گا۔ پولنگ ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کردیا جائے گا اور غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کا اعلان بھی کردیا جائے گا۔

