English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بشریٰ بی بی کی رہائی میں گنڈاپور کا کیا کردار تھا تفصیل سامنے آگئی

اسلام آباد: خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اپنی پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو بتایا ہے کہ انہوں نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی رہائی میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق، گنڈاپور کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ بشریٰ بی بی کو کسی دیگر مقدمے میں گرفتار نہیں کیا جائے گا اور رہائی کے بعد ان کے تحفظ کے لئے سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

گنڈاپور کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ انہیں اڈیالہ جیل سے بشریٰ بی بی کی رہائی کے لئے حکام سے رابطہ کرنے کو کہا گیا تھا اور انہیں یہ یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ان کے خلاف مزید مقدمات نہیں بنائے جائیں گے۔ اس کے باوجود، گنڈاپور نے اس کردار کی تفصیلات نہیں بتائیں جس کی بنیاد پر رہائی ممکن ہوئی۔

علی امین کے ترجمان بیرسٹر سیف نے تصدیق کی کہ وزیر اعلیٰ نے بشریٰ بی بی کی رہائی میں اپنا کردار ادا کرنے کا ذکر کیا ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے گنڈاپور سے اس معاملے کی مزید تفصیلات نہیں پوچھیں ہیں ۔

پارٹی کے اندرونی ذرائع کا ماننا ہے کہ عمران خان، بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور ہی ان حالات کے اصل محرکات سے آگاہ ہیں جن کی وجہ سے بشریٰ بی بی کو دوبارہ گرفتار نہیں کیا گیا اور انہیں مکمل رہائی دی گئی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بشریٰ بی بی کو میرٹ پر ضمانت دی تھی، لیکن اس بار انہیں قید میں رکھنے کے لئے مزید کسی مقدمے میں گرفتار نہیں کیا گیا، جو کہ پی ٹی آئی کے لئے ایک بڑی قانونی کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔ عمران خان نے اپنی اہلیہ کی گرفتاری کو مستقل طور پر دباؤ کا حربہ قرار دیا تھا اور کہا کہ بشریٰ بی بی پر بے بنیاد مقدمات قائم کیے گئے تھے۔

بشریٰ بی بی کی رہائی عمران خان اور ان کے خاندان کے لئے اگست سے جاری قید و بند کے بعد ایک بڑا قانونی ریلیف تصور کیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے