پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع اورکزئی میں مسلح افراد نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہیداور دوسرا زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق اپراورکزئی کے علاقے ڈبوری بادان کلے میں پولیو ٹیم اپنے فرائض انجام دے رہی تھی کہ مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی موقع پرپہنچ گئی جس کے بعد ملزمان کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
پولیس اور ایف سی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تین دہشت گرد ہلاک کردئیے جبکہ ایک دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
واضح رہے کہ رواں سال ملک بھر میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 39 ہوگئی ہے۔

