کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ کبھی کپتانی کی خواہش نہیں کی اور نہ کپتانی مانگی، اللہ نے کپتانی دی تو انکار نہیں کرنا چاہیے۔ آسٹریلیا روانگی سے قبل کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان کا کہنا تھا کہ جب وہ کپتان نہیں تھے اس وقت بھی ان کی رائے کی اہمیت ہوتی تھی، سرفراز احمد کی کپتانی میں بھی وہ رائے دیتے تھے، اس وقت بھی ٹیم میں شامل سب ہی کھلاڑی کپتان ہیں، وہ چاہتے ہیں جب وہ جائیں تو ٹیم میں کئی کپتان تیار ہوں۔ محمد رضوان کا کہنا تھا کہ عاقب جاوید کے فیصلے ٹیم کے سود مند ثابت ہوئے، یہ بات پہلے بھی کہی جارہی تھی کہ اسپن پچز بنا کر ہوم سیریز میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں لیکن آسٹریلیا کی پچز عاقب جاوید کے ہاتھ میں نہیں ہیں، وہاں کی کنڈیشن مختلف ہیں اور ٹف ہیں۔ ہم نے پوری محنت کی ہے، امید ہے اچھے نتائج آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوچ جو بھی آئے فیصلہ بورڈ اور منیجمنٹ کو کرنا ہے، اگر میری رائے مانگی گئی تو ضرور دوں گا، میرے کپتان بنتے ہی ایک دم تبدیلی نہیں آئیگی، چیزیں پہلے بھی درست ہورہی تھیں، ایسا نہیں ہوگا کہ وہ سب کچھ فوری تبدیل کردوں۔ محمد رضوان نے کہا کہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ٹی 20 میں اوپننگ کا فیصلہ کریں گے، ابھی کھلاڑیوں کو دیکھ رہے ہیں تاکہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے بہترین کامبینیشن بنائیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم بھارت گئے تو وہاں بہت پیار ملا، سب نے دیکھا بھی ، عوام بھارتی ٹیم کو بھی پاکستان میں ڈبل ویلکم کریں گے۔ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں آتی ہے یا نہیں یہ بورڈ بہتر جانتا ہے۔

