قومی کرکٹ ٹیم نے ایڈیلیڈ میں پاکستان سے متعلق 28 سالہ ریکارڈ تبدیل کردیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایڈیلیڈ میں دوسرے ایک روزہ میچ میں نہ صرف آسٹریلیا کو شکست دے کر سیریز برابر کردی بلکہ اس میدان میں 28 برس کے بعد پہلا ون ڈے میچ بھی جیت لیا، جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے کہ اس گراؤنڈ میں قومی ٹیم نے ون ڈے میچ جیتا۔
رضوان الیون نے ایڈیلیڈ کے تاریخی گراؤنڈ میں دوسرے ون ڈے میچ کا ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دیتے ہوئے خود فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جسے ٹیم کے بالرز نے اپنی شان دار کارکردگی سے درست ثابت کر دکھایا۔
میچ میں حارث رؤف کی جانب سے عمدہ بالنگ کا مظاہرہ کیا گیا اور انہوں نے 8 اوورز کے دوران 29 رنز دے کر آسٹریلیا کے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ قومی ٹیم نے آسٹریلیا کو بہترین بالنگ کے نتیجے میں 163 رنز سے آگے نہیں جانے دیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا ایڈیلیڈ گراؤنڈ میں آج تک 8 میچز کھیل چکی ہیں، جن میں سے 7 مرتبہ آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کی ہے جب کہ پاکستان نے آج کا ون ڈے میچ جیت کر اس میدان میں میچ جیتنے کی تاریخ رقم کردی ہے۔
قبل ازیں 1996 میں پاکستانی ٹیم نے (28 برس قبل)اس میدان میں میچ جیتا تھا، اس وقت قومی ٹیم کے کپتان وسیم اکرم تھے جب کہ ثقلین مشتاق نے آسٹریلیا کے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

