لاہور (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں آج کل صرف یہ بحث ہو رہی ہے کہ ٹرمپ کے آنے سے پاکستانی سیاست کو کوئی فرق نہیں پڑے گا،ڈونلڈ لو کے کہنے پر پاکستان میں رجیم چینج ہو سکتی ہے لیکن امریکی صدر کے کہنے سے پاکستان میں کچھ نہیں ہو سکتا۔ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں پیشی کے بعد اپنے وکلاء کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی کارکردگی اتنی بری تھی کہ عوام نے انہیں بری طرح مسترد کر دیا ،مجھے کم از کم مستقبل قریب میں نظر نہیں آتا کہ یہ جماعتیں شفاف انتخابات کے ذریعے کبھی اقتدار میں آسکیں گی ۔ یہاں پر جو کیا گیا ہے اس سے لوگوں کی انتخابات اور جمہوری پراسس سے امید ختم ہو گئی ہے ، اب سارا زور ڈنڈے کا استعمال اور فسطائیت رہ گئی ہے ۔
