لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں گندم کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لیے کاشتکاروں کیلیے اربوں روپے کا انعامی پیکیج متعارف کرا دیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز کی طرف سے گندم کے کاشتکاروں کیلیے مفت ٹریکٹرز اور لینڈلیولر کا اعلان کر دیا گیا، ساڑھے 12تا 25ایکٹر رقبے پر گندم کاشت کرنے والے کسانوں کیلیے 1000لینڈ لیولرز مفت دیے جائیں گے، 25ایکڑ سے زائد رقبہ پر کاشت کرنے والے کسانوں کو 1000 گرین ٹریکٹرز بالکل مفت ملیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ پنجاب کے کاشتکار کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، پورا ساتھ دیں گے، کاشتکار ہمارے بھائی ہیں، ان کی ترقی کیلیے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے، پنجاب میں کاشتکار کی خوشحالی اور زراعت کی بحالی اولین ترجیح ہے، گندم کی کاشت پر کسانوں کو کسان کارڈ کے ذریعے بلاسود معیاری بیج، کھاد اور پیسٹی سائیڈ مہیا کی جا رہی ہیں۔مریم نواز شریف نے کہا کہ چند ماہ میں کاشتکاروںکیلیے ایسے ریکارڈ پراجیکٹ شروع کیے جن کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، گندم کے کاشتکاروں کو گرین ٹریکٹرز اور لینڈ لیولرز بذریعہ قرع اندازی دیے جائیں گے۔وزیراعلی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ گندم کے کاشتکار مفت ٹریکٹر اور لینڈلیولرز کے لئے ایگری کلچر کی ویب سائٹ اور فیس بک پر رجوع کر سکتے ہیں، گندم کے کاشتکار متعلقہ محکمہ زراعت کے توسیع آفس سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔
