لاہور/نئی دہلی /دبئی: چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے سے انکار کی بھارتی ہٹ دھرمی نے آئی سی سی کو نئی آزمائش میں ڈال دیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی میزبانی میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے ٹیم پاکستان بھیجنے سے بھارتی انکار کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پر نئی مشکل آن پڑی ہے، جس سے نکلنے کے لیے اس نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) سے رابطہ کرلیا ہے اور اس کے ساتھ ہونے والی مشاورت کے بعد آئی سی سی پاکستان کرکٹ بورڈ کو جواب دے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیاہ ے کہ پی سی بی کی جانب سے بھی بھارت کے انکار کے بعد دوسرے بورڈز کے ساتھ رابطوں کا آغاز کردیا گیا ہے، تاکہ انہیں بھارتی ہٹ دھرمی کے بارے میں صورت حال بتائی جا سکے۔
پاکستان اس پورے معاملے میں ہائبرڈ ماڈل کی مخالفت کے اپنے اصولی مؤقف پر ڈٹا ہوا ہے جب کہ بھارت نے اپنی کرکٹ ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے پاکستان نہ بھیجنے کا فیصلہ کرکے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو نئی آزمائش میں مبتلا کردیا ہے۔
ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی کی ای میل کا آئی سی سی کی جانب سے فوری جواب ملنا ممکن نہیں، جواب تیار کرنے میں کچھ دن لگیں گے۔ پاکستان کی طرف سے ای میل میں بھارتی ٹیم کے انکار کی ٹھوس وجوہات بتانے پر اب آئی سی سی نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیاہے، جس میں ان سے پی سی بی کے سوالات پر تبادلہ خیال اور ممکنہ جوابات مانگے گئے ہیں ہیں تاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ای میل کاجواب دیا جاسکے۔

