جکارتا:انڈونیشیا میں شدید زلزلہ آیا، جس کی شدت 6.5 ریکارڈ کی گئی، تاہم کسی جانی نقصان کے رپورٹ ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق انڈونیشیا کے صوبے پاپوا میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ جیوفزکس ایجنسی کے مطابق جمعہ کے روز آنے والے 6.5 شدت کے زلزلے کے بعد سونامی کا کوئی امکان نہیں ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
واضح رہے کہ انڈونیشیا میں اکثر زلزلے آتے ہیں۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ بحرالکاہل میں آگ کے دائرے پر ہونے کی وجہ سے انڈونیشیا میں اکثر زلزلے رپورٹ ہوتے ہیں، اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ یہاں زمین کی پرتیں آپس میں ٹکراتی رہتی ہیں۔

