کراچی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شہر قائد میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ سیاست سمیت کوئی بھی چیز ملک سے مقدم نہیں ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ مجھے پاکستان کے روشن اور مستحکم مستقبل پر مکمل یقین ہے۔ ایک سال پہلے چھائے ہوئے مایوسی کے بادل آج چھٹ چکے ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ گزشتہ نشست میں بھی میں نے یہی کہا تھا کہ مایوسی مسلمان کے لیے حرام ہے۔ آج دیکھیں کہ ملکی معیشت کے تمام اشاریے مثبت ہیں اور اگلے سال تک ان شا اللہ یہ مزید بہتر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیفالٹ کی باتیں پھیلانے والے اور مایوسی کا پرچار کرنے والے آج کہاں ہیں؟۔ کیا انہیں جواب دہ نہیں ٹھہرایا جانا چاہیے؟۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ سیاست سمیت کوئی بھی چیز ملک سے مقدم نہیں۔ ہم سب کو اپنے ذاتی مفادات کے مقابلے میں پاکستان کو ترجیح دینا ہوگی۔ یاد رکھیں کہ پاکستان کے سوا ہماری کوئی شناخت نہیں ہے۔
سپہ سالارِ پاکستان کا کہنا تھا کہ ریاست ایک ماں کے جیسی ہوتی ہے، اس کی قدر عراق، فلسطین یا لیبیا کے عوام سے پوچھیں۔ چاہے جتنی بھی مشکلات کا سامنا ہو، اگر ہم سب متحدہوکر کھڑے ہو جائیں تو کوئی ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔
آرمی چیف نے بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنا پیسہ پاکستان لائیں، تاکہ عوام کو بھی کمانے کا موقع ملے اور ملک بھی ترقی کی راہ پر چلے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صرف پاکستانی ہی بیل آؤٹ کے ذریعے معاشی استحکام لا سکتے ہیں۔
جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ڈیجیٹل سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ عوام کی ڈیجیٹل سیکورٹی ریاست کی ذمے داری ہے۔

