English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پی ٹی آئی کاسیکڑوں اموات کی بات کرنے والوں سے لاتعلقی، صرف 12 کارکن شہید ہونے کا دعوی

Ali Amin Gandapur is also a leader

اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے سیکڑوں اموات کی بات کرنے والوں سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد کے احتجاجی مظاہرے میں ہمارے صرف 12 کارکن شہید ہوئے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی خرابی صحت سے متعلق خبریں غلط ہیں، وہ صحت مند ہیں، پی ٹی آئی پر کوئی پابندی نہیں لگے گی، آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان عمران خان ہی کریں گے۔

انہوں نے مزید کہاکہ  عمران خان نے پارٹی رہنماؤں سمیت کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ قانون کے دائرے میں رہتےہوئے احتجاج کئے جائیں گے، اگر 26 نومبر کو گولیاں چلیں ہیں تو قابل مذمت ہے،

تمام لوگ ایک دوسرے سے اختلاف کرنے کے بجائے پارٹی کے متعلقہ لوگوں سے رابطے میں رہیں، ہمیں تقسیم کرنے والے اور ہمارے درمیان پھوٹ ڈالنے والوں سے ہوشیار رہا جائے۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہاکہ سیکڑوں لوگوں کی ہلاکت کی بات کرنے والوں کو ہم ’ڈس اون‘ کرتے ہیں، ہم نے وہی اعداد و شمار دیے ہیں جن کی ہمارے پاس مصدقہ اطلاعات ہیں، ہمارے متعلقہ لوگ شہدا کے پاس گئے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم تمام لوگ بہت زیادہ مصروف ہیں، سلمان اکرم راجا شہدا اور زخمیوں کے گھر گئے ہیں، پختونخوا حکومت نے شہدا کے لواحقین کو ایک کروڑ روپے معاوضہ دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پریس کانفرنس میں سیکڑوں کارکنوں، لطیف کھوسہ نے 278 کارکنان جاں بحق ہونے کا دعوی کیا تھا جبکہ دیگر رہنماؤں کی جانب سے بھی جاں بحق ہونے والے کارکنوں کی مختلف اعداد وشمار  بیان کیے گئے تھے۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل پی ٹی آئی رہنما، سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان کی جان کو جیل میں خطرہ ہے جبکہ ان کے وکیل نے بھی عمران خان کی طبیعت خراب ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں اسی لیے بانی پی ٹی آئی سےملاقات نہیں کرنے دے رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے