English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کسان کارڈ کے ذریعے 30 فیصد کیش نکلوانے کی سہولت دی گئی ہے

القمر

فیصل آباد (آئی این پی)صوبائی وزیر زراعت و لائیو اسٹاک سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت آج ایگریکلچر ہاؤس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کسان پیکج اور زیادہ گندم اُگاؤ مہم سمیت دیگر اہم منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو بھی موجود تھااجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت و لائیو اسٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کو بتایا گیا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر کسان کارڈ کے ذریعے 30 فیصد کیش نکلوانے کی سہولت بھی کاشتکاروں کو مہیا کر دی گئی ہے۔اس کے علاوہ نان ڈیجیٹائزڈ موضع جات کے کاشتکاروں بھی کسان کارڈ کے حصول کیلئے اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب کسان کارڈ کے حصول کے لیے13 لاکھ سے زائد کاشتکاروں نے اپنی درخواستیں جمع کرا دی ہیں جن میں سے بینک آف پنجاب نے 5 لاکھ سے زائد کاشتکاروں کی سکروٹنی مکمل کر لی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجا ب کسان کارڈ کے ذریعے اب تک 27 ارب روپے کی صوبہ میں خریداری کی جا چکی ہے جن میں سے 12 ارب روپے ڈی اے پی کھادکی خرید پر کاشتکاروں نے خرچ کئے ہیں۔مجموعی طور پر کسان کارڈ کے ذریعے 91 فیصد کھادوں کی خرید کی گئی ہے۔اس موقع پر وزیر زراعت و لائیو اسٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں کو امسال بلا سود قرضہ سکیم کے ذریعے بروقت گندم کی خرید کیلئے زرعی مداخل کی سہولت مل گئی اور انہیں مڈل مین کے چنگل سے نجات حاصل ہوئی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے کسان کارڈ سے خریداری کے عمل کی باقاعدہ نگرانی اور بیج، کھاد اور زرعی ادویات کی مصنوعی قلت یا سرکاری قیمتوں سے زائد وصولی پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی اور ایسے ڈیلرز کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات دئیے۔ وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ کسان کارڈ کے ذریعے خریداری کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور کسی بھی اوور چارجنگ کی شکایت کے نتیجہ میں متعلقہ ڈیلر کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔کاشتکار کسان کارڈ کے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں محکمہ زراعت پنجاب کی زرعی ہیلپ لائن 17000-0800 سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے