گوادر (نمائندہ جسارت)ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن کی سربراہی میں لوکل باڈیز کے منتخب نمائندوں کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کا مقصد عوامی مسائل ، نمائندوں کی ذمہ داریوں اور اختیارات پر گفتگو کرنا تھا۔ اجلاس میں وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر ماجد جوہر، تحصیل چیئرمین جیونی اکرم بلوچ، اور مختلف یونین کونسلز کے چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہریوں کو درپیش بنیادی مسائل جیسے بجلی، پانی، تعلیم اور دیگر سہولیات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ دور دراز علاقوں کے نمائندے، جن میں جیونی اورماڑہ، پسنی، پیشکان اور دیگر علاقے شامل تھے، نے اپنے مسائل پیش کیے۔ ڈپٹی کمشنر نے ان مسائل کے حل کے لیے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے نمائندوں سے تفصیلی گفتگو کی اور فوری اقدامات کی یقین دہانی کروائی۔ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا” معاشرے میں عوامی نمائندوں کو سب سے زیادہ عزت و احترام دیا جانا چاہیے کیونکہ عوام کا اعتماد حاصل کرنا اور ووٹ لینا ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے۔ جمہوریت دنیا کا بہترین اور کامیاب نظام ہے، اور ہمیں عوامی نمائندوں کے فیصلوں اور رائے کی قدر کرنی چاہیے۔”انہوں نے مزید اعلان کیا کہ 20 دسمبر سے پہلے تمام لوکل باڈیز نمائندوں کی تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں انہیں ان کی ذمہ داریوں اور اختیارات سے متعلق مکمل آگاہی فراہم کی جائے گی۔ اس تربیت کا مقصد نمائندوں کو ان کے کردار اور اختیارات کے حوالے سے مزید مستحکم بنانا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں چند اہم ایجنڈا طے کیے جائیں گے جن پر عملی اقدامات کا آغاز کیا جائے گا۔ ہر یونین کونسل کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی جائے گی جو مخصوص کاموں پر عملدرآمد کرے گی اور نمایاں پیشرفت یقینی بنائے گی۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے جمہوری نظام کے استحکام، عوامی خدمت کے فروغ، اور مسائل کے حل کے لیے تمام نمائندوں کی مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ یہ اجلاس نہ صرف مسائل کی نشاندہی کے لیے ایک پلیٹ فارم ثابت ہوا بلکہ آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے اہم پیشرفت بھی فراہم کی۔
