کندھکوٹ(نمائندہ جسارت) کندھکوٹ ضلع بہر میں ڈاکو راج دن بدن طاقتور ہونے لگا ڈاکوؤں کو لگام ڈالنے میں پولیس مکمل طور پر ناکام ہو گئی۔ انڈس ہائی وے پر ڈاکوؤں نے کار پر فائرنگ کردی مزاحمت کرنے پر نوجوان وکیل قتل جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق کندھکوٹ بخشاپور تھانہ کی حدود انڈس ہائی وے اندھی پھاٹک کے قریب دن دہاڑے ریاست کیلئے درد سر بنے ہوئے چند کچے کے ڈاکو موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر جتھوں کی صورت میں روڈ پر آ کر کار سواروں کو روکنے کا اشارہ کیا کار نہ روکنے پر قانون سے بے خوف ڈاکوؤں نے کار پر سیدھی فائرنگ کردی گولیاں لگنے سے منگی برادری کا پڑھا لکھا نوجوان وکیل نور محمد عرف علی منگی موقع پر ہی قتل ہو گیا جبکہ ان کے ساتھی اے سی کشمور کے آفس کے کلرک محمد رمضان میرانی زخمی ہو گئے مسلح افراد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس اپنی روایتی انداز کو برقرار کو رکھتے ہوئے تاخیر سے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش اور زخمی کو اسپتال پہنچایا جہاں سے لاش ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی جبکہ زخمی کو طبی امداد فراہم کی گئی لاش گھر پہنچنے پر قیامت صغریٰ کا منظر بن گیا۔ آخری اطلاع تک پولیس واقعے کا مقدمہ درج نہ کر سکی اور نہ ہی ڈاکوؤں کیخلاف کوئی کارروائی کر سکی۔
