کابل : شام میں بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے پر افغانستان کی طالبان حکومت نے شام کی اپوزیشن فورسز اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہےکہ امید ہے کہ شام میں آزاد اور اسلامی نظام کی بنیاد رکھی جائے گی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امارت اسلامیہ افغانستان کی وزارت خارجہ نے شامی اپوزیشن جنگجوؤں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے باقاعدہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام بیرونی طاقتیں اہل شام کے ساتھ مثبت تعلقات قائم رکھیں گی، جس کی وجہ سے شام میں امن قائم ہوگا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز شامی اپوزیشن فورسز نے دمشق سمیت دیگر شہروں پر قبضہ کرنے کے بعد فتح کا اعلان کرتے ہوئے تمام قیدیوں کو عام معافی کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد تمام جیلوں سے قیدیوں کو رہا کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شامی اپوزیشن فورسز کی فتح سے قبل ہی ایک روز پہلے بشارالاسد ایک خصوصی طیارے کےذریعے اپنے اہل واعیال کے ہمراہ روس روانہ ہوگئے تھے، بشارالاسد کے طیارے کو حادثہ پیش آنے کی خبریں زیر گردش تھیں، جوجھوٹ پر مبنی تھیں۔
یادر ہے کہ جماعت اسلامی پاکستان نے بھی شامی اپوزیشن فورسز اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طویل عرصے بعد شام میں ظالم حکمران کے اقتدار کا دور ختم ہوا، شامی عوام کو آزادی مبارک ہو، امید ہے کہ اسلامی نظام کو نافذ کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
