English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

نئی دہلی میں 40 اسکولوں کو بم سے اُڑانے کی دھمکیاں

بھارت میں اسکولوں کو دھمکیاں ملنے کے بعد پولیس تفتیش کررہی ہے
بھارت میں اسکولوں کو دھمکیاں ملنے کے بعد پولیس تفتیش کررہی ہے

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں 40 اسکولوں کو ای میل کے ذریعے بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی،جس میں 30 ہزار ڈالر کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ اتوار کی شب 2اسکولوں کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئیں، جن میں کہا گیا تھا کہ عمارتوں کے اندر بم نصب کیے گئے ہیں اور اگر 30 ہزار ڈالر ادا نہ کیے گئے تو بم دھماکے کر دیے جائیں گے۔ دیگر اسکولوں کو بھی پیر کی صبح ای میل موصول ہوئیں، جس کے بعد اسکولوں کی انتظامیہ نے والدین سے کہا کہ وہ طلبہ کو دن بھر کے لیے گھر لے جائیں۔ پولیس نے مشکوک اشیا کے لیے اسکول کے احاطے کی جانچ کی،تاہم کچھ برآمدنہیں ہوا۔ واضح رہے کہ رواں برس بھارت میں اسکولوں، ریلوے اسٹیشنوں اور ہوائی اڈوں کو بم دھماکوں کی سیکڑوں دھمکیاں دی گئی ہیں، جو بعد میں جھوٹی ثابت ہوئی ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے آغاز سے نومبر کے وسط تک بھارت میں ائر لائنز اور ہوائی اڈوں کو بم دھماکے کی 999 دھمکیاں موصول ہوئیں اور اسی عرصے کے دوران 12 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق نومبر میں دہلی ہائی کورٹ نے پولیس حکام کو اسکولوں کو دی جانے والی دھمکیوں کی روک تھام کے حوالے سے ایس او پیز بنانے کی ہدایات جاری کی تھیں۔ نئی دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی وفاقی حکومت عوامی حفاظت کی اپنی واحد ذمے داری میں بھی ناکام ہوگئی ہے۔ نئی دہلی کی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہر میں ہر رو قتل، فائرنگ اور اغوا برائے تاوان کے بعد اب اسکولوں کو بھی بم سے اڑانے کی دھمکیاں ملنے لگی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے