اسلام آباد:وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دنیا کو فلسطینوں کی نسل کشی فوری بند کرانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے،اقوامِ متحدہ نے 10 دسمبر کو انسانی حقوق کے عالمی منشور کو اپنایا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انسانی حقوق کے عالمی دن پر وزیر اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس دن ہمیں فلسطینی عوام کی حالتِ زار کو نہیں بھولنا چاہیے، فلسطینیوں کو غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن اقوامِ عالم کو یاد دلاتا ہے کہ وہ انسانی حقوق اور اقدار کے تحفظ کی پاسداری کریں، دنیا کو اپنے دور کے سنگین ترین انسانی المیوں پر آنکھیں بند نہیں کرنی چاہئیں، دنیا کو فلسطین کے عوام کی جاری نسل کشی فوری بند کرانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھی اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری کی فوری توجہ کی ضرورت ہے، پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

