چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے معاملات حتمی مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں، جس کے نتیجے میں جلد اہم اعلان متوقع ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے جاری اختلافات پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اعلیٰ حکام دبئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں،اس حوالے سے میڈیا ذرائع میں بتایا جا رہا ہے کہ کئی معاملات پر اتفاق رائے ہوچکا ہے۔
بھارت نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کھیلنے سے انکار کرتے ہوئے اپنے میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کھیلنے کی شرط رکھی تھی۔ پی سی بی نے اس پر سخت مؤقف اپناتے ہوئے پارٹنر شپ یا فیوژن فارمولا پیش کیا، جس کے تحت آئندہ 3 برس میں دونوں ممالک کے آئی سی سی ایونٹس کے میچز یو اے ای میں منعقد کرنے کی تجویز دی گئی۔
ابتدائی طور پر بھارتی کرکٹ بورڈ نے کچھ شرائط پر اعتراض کیا، جس کے باعث چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول تاخیر کا شکار ہوا، تاہم حالیہ دنوں میں دونوں فریقین کے درمیان پس پردہ مذاکرات نے مثبت رخ اختیار کیا ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ پی سی بی کے سابق چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر اور موجودہ سی او او سمیر سید دبئی میں موجود ہیں اور آئی سی سی حکام سے مسلسل بات چیت کر رہے ہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے ساتھ براہ راست مذاکرات نہیں ہو رہے، بلکہ آئی سی سی ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔
پاکستان نے بھارتی ٹیم کے نہ آنے سے ممکنہ مالی نقصان کے ازالے کے لیے بھی تجاویز پیش کی تھیں، جن پر ابتدا میں ڈیڈ لاک رہا۔ تاہم، اب ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
رواں ہفتے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے کسی بڑے اعلان کا امکان ہے۔ پی سی بی جلد از جلد مسئلہ حل کرنا چاہتا ہے تاکہ ٹکٹنگ اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دی جاسکے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارتی میڈیا نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے پیش کردہ فارمولے پر رضا مندی ظاہر کی ہے، جس سے ایونٹ کے انعقاد کی راہ ہموار ہوتی نظر آرہی ہے۔

