English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

غزہ پر اسرائیلی حملوں میں مزید 58 فلسطینی شہید۔حماس کا متعدد اسرائیلی فوجی مارنے کا دعویٰ

القمر

غزہ /تل ابیب /صنعا (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل کی غزہ میں جارحیت کا سلسلہ جاری ہے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 58 فلسطینی شہید کردیے گئے‘ جبالیہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں ایک ہی خاندان کے 7 بچوں سمیت 12 فلسطینی شہید ہوگئے۔دوسری جانب فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کی غزہ اور مغربی کنارے میں جوابی کارروائیاں جاری ہیں جس دوران حماس نے متعدد اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک و زخمی کرنے کا دعوی کیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق محصور علاقے کی وزارت صحت نے کہا کہ گزشتہ برس 7 اکتوبر میں اسرائیلی حملے کے بعد سے غزہ میں شہادتوں کی تعداد 45 ہزار 317 ہوگئی ہے‘ اسرائیلی جارحیت میں زخمی ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 7 ہزار 713 تک جا پہنچی ہے۔ ترجمان یونیسیف کے مطابق غزہ قبرستان میں تبدیل ہو گیا، غزہ کے بچے سردی، بیماری اور صدمے کا شکار ہیں، 96 فیصد خواتین اور بچے غذائی ضروریات سے محروم ہیں۔اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی کے شمال میں
واقع بیت لاہیا کے کمال ادوان اسپتال کو خالی کرنے کے حکم کو طبی ماہرین نے ناممکن قرار دیا ہے۔ اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر حسام ابو صفیہ نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ موجودہ حالات میں سیکڑوں مریضوں، نوزائیدہ بچوں اور عملے کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا ممکن نہیں۔ ڈاکٹر ابو صفیہ نے کہا کہ اسپتال میں تقریباً 400 افراد موجود ہیں، جن میں انکیوبیٹرز اور آکسیجن پر انحصار کرنے والے نوزائیدہ بچے شامل ہیں۔ انہیں نکالنے کے لیے درکار ایمبولینسز، سازوسامان، اور وقت دستیاب نہیں ہیں۔ الجزیرہ کی حال ہی میں شائع رپورٹ کے مطابق اس سال ماہ ستمبر میں 2 بچوں کی ماں غزہ کی ایک خاتون شمیما، 3 سال اور 22 ماہ کی اپنی دونوں بیٹیوں کو ایک کیمپ لیکر گئیں اور پولیو کے قطرے پلائے ‘ واپس گھر پہنچنے کے کچھ دیر بعد اسرائیلی طیاروں نے شمیما کے گھر پر بمباری کردی۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی بمباری سے شمیما شہید ہوگئیں جب کہ ان کے شوہر اور دونوں بیٹیاں زخمی ہوئیں اور ان میں سے ایک 3 سالہ ہنان کو زیادہ زخم آئے جب کہ اس کی دونوں ٹانگین بھی بمباری سے ضائع ہوگئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے