غزہ /تل ابیب /دمشق (مانیٹرنگ ڈیسک /صباح نیوز) اسرائیلی فورسز نے غزہ میں 2 اسپتالوں کمال عدوان اور الوفا اسپتال پر گولہ باری گزشتہ روز بھی جاری رکھی جس میں شہید ہونے والوں کی تعداد 50 سے زاید ہوگئی‘ دوسری جانب شمالی شام میں ترک اور سیرین ڈیموکریٹک فورسز میں شدید جھڑپوں کے دوران مزید120 افراد جاں بحق ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے کمال عدوان اور الوفا اسپتال کے بعد اہلی نامی ایک اور اسپتال پر بھی بمباری کی۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ان اسپتالوں میں مریضوں کے بھیس میں حماس کے کمانڈرز اور جنگجو چھپے ہوئے تھے‘ ان اسپتالوں میں کارروائی میں حماس کے 19 کمانڈرز اور جنگجو لڑتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔ صیہونی فوج نے شواہد فراہم کیے بغیر دعویٰ کیا کہ اس نے کمال عدوان اسپتال جو کہ حماس کا ایک کمانڈ سینٹر تھا، اس پر چھاپہ مارنے اور اسے صاف کرنے سے قبل کئی دن تک اس کا محاصرہ کیا اور پھر اس پر کارروائی کی‘ فوج نے حماس اور اسلامی جہاد گروپوں سے تعلق رکھنے والے 240 لوگوں کو گرفتار کیا۔ دوسری جانب حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے اسپتالوں میں پہلے ہی درد سے بلکتے اور زخموں سے چور شہریوں کو نشانہ بنایا جس میں50 فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیل نے کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو حراست میں لیا ہوا ہے اور ان کی رہائی کے لیے کسی بھی دبائو کو خاطر میں نہیں لا رہا ہے۔ اسرائیل نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ کمال عدوان اسپتال کو دوبارہ صحت کی خدمات انجام دینے کے لیے نہیں کھولا جائے گا۔ غزہ میں اسرائیلی فورسز کے زمینی اور فضائی حملے نہ تھم سکے، ایک دن میں مزید 27 فلسطینی شہید کردیے۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق صیہونی فوج نے چند گھنٹوں کے دوران غزہ سٹی کے 3 اسپتالوں پر حملے کیے، حملوں میں مزید 27 فلسطینی شہید، 149 افراد زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب صیہونی فوج نے امداد کی ترسیل روک کر مظلوم فلسطینیوں کو سردی میں مرنے مجبور کردیا، شدید سردی سے ٹھٹھر کر الاقصیٰ شہدا اسپتال میں غزہ کا چھٹا نومولود دم توڑ گیا جبکہ وسطی غزہ میں اسرائیلی بمباری میں 5 فلسطینی شہید، متعدد زخمی ہوئے۔ عرب میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ رفح، خان یونس اور جبالیہ میں اسرائیلی حملوں کے باعث متعدد فلسطینیوں کے شہید ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کا زیر زمین خفیہ وارڈ میں طویل آپریشن کر کے پراسٹیٹ نکال دیا گیا۔ اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کی سرجری اسپتال کے کئی منزلہ زیر زمین وارڈ میں ہوئی، انتہائی خوف کی وجہ سے نیتن یاہو کا زیر زمین آپریشن کرنا پڑا۔ نیتن یاہو کو اسپتال لانے کے لیے کیڑے مار اسپرے کرنے والی کمپنی کی وین میں چھپا کر لایا گیا، اس دوران نیتن یاہو کے محافظوں نے خود بھی کیڑے مار اسپرے کرنے والوں کا بھیس بدلا ہوا تھا۔ علاوہ ازیں شمالی شام میں ترک فورسز اور سیرین ڈیموکریٹک فورسز میں گزشتہ روز بھی خونی جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہا۔ سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق جھڑپوں میں120 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، نبع السلام اور ابو راسین کے علاقوں میں بھاری گولہ بارود کا استعمال کیا گیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی شام تشرین ڈیم اور قرہ کوساک پل کے آس پاس بھی جھڑپیں جاری رہیں، جھڑپوں کے دوران بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا خدشہ ہے۔
