قنبرعلی خان(نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلزپارٹی سٹی قنبر کی طرف سے کارکنان نے سوئی سدرن گیس انتظامیہ قنبر کے خلاف ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا کارکنان نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھاکر سخت نعرے بازی کرتے ہوئے قنبر پریس کلب پہنچ کر دھرنا دیا۔ اس موقع پر برکت علی میرجت، محمدجان بروہی، اللہ ڈنو گوپانگ، اعجاز بلیدی اور غلام شبیر گوپانگ سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی سوئی گیس کے پریشر میں کمی اور روزانہ سوئی گیس کی فراہمی میں کئی کئی گھنٹے غیرا علانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس نے عوام کی زندگی عذاب بنادی ہے اور خواتین کو گھروں میں کھانا پکانے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ رہنماؤں نے کہاکہ ایک طرف عوام سوئی گیس ادارے کو ہر ماہ ہزاروں روپے کے بل ادا کررہے ہیں تو دوسری جانب مہنگے داموں ایل پی جی گیس کے سلنڈر بھی بھروا رہے ہیں اور ایل پی جی مافیا بھی عوام سے من مانی قیمت وصول کررہی ہے جس کی وجہ سے عوام کے اخراجات میں سخت اضافہ ہوگیا ہے اور لوگ سخت اذیت کا شکار ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ کئی کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کے بعد جو گیس دی جارہی ہے اس کا پریشر بالکل زیرو ہے جس پر گھنٹوں میں بھی کھانا تیار نہیں ہوتا ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ سوئی سدرن گیس تیزی سے بدانتظامی اور انحطاط کا شکار ہے اور عوام کے مسلسل احتجاج کے باوجود سوئی گیس افسران کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگ رہی۔ انہوں نے خبردار کیاکہ اگر سوئی گیس انتظامیہ نے اپنا قبلہ درست کرکے گیس لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرکے گیس پریشر میں اضافہ نہ کیا تو سخت احتجاج کرکے سوئی گیس آفس کا گھیراؤ کیا جائے گا۔
