
کراچی (اسپورٹس ڈیسک) تیسرے نیشنل بلائنڈ گیمز کا میلہ اسلام آباد میں اختتام کو پہنچا، پاکستان بلائنڈ اسپورٹس فیڈریشن کے زیر انتظام، ڈی ایچ اے اسلام آباد اور بحریہ ٹاؤن اسلام آباد کے تعاون سے منعقدہ چار روزہ گیمز میں ملک بھر سے بصارت سے محروم ایتھلیٹس نے بھر پور شرکت کی۔افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائرکٹر اسپورٹس جاوید علی میمن تھے۔ان کا کہنا تھا کہ بصارت سے محروم کھلاڑیوں کی صلاحیتوں سے میں بے حد متاثر ہوا ہوں،ان میں کھیل کا جذبہ عام کھلاڑیوں کی نسبت زیادہ ہے، بصارت سے محروم کھلاڑیوں کو بھی مستقبل میں بھر پور سپورٹ کریں گے،انہوں نے ملک بھر کی جامعات میں بصارت سے محروم طلبا کے لیے بھی گیمز منعقدکروانے کا عندیہ دیتے ہوئے ایونٹ کو شاندار قرار دیا۔نیشنل بلائنڈ گیمز کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان ڈوج بال فیڈریشن کے سیکریٹری امتیاز احمد شیخ تھے جنہوں نے ڈی ایس پی ٹیلی کمیونیکیشن اشرف عظیم کے ہمراہ اختتامی تقریب میں فاتح ایتھلیٹس میں میڈلز اور انعامات تقسیم کئے۔اس موقع پر پاکستان بلائنڈ اسپورٹس فیڈریشن کے صدر محمد وقاص، جنرل سیکریٹری سلمان الٰہی، نائب صدر شہزاد جاوید،عامر امداد بھٹی، جنرل منیجر بلال جاوید اور مارکیٹنگ ہیڈ خلیل احمدبھی موجود تھے۔مہمان خصوصی امتیاز احمد شیخ کا کہنا تھا کہ مسلسل تیسرے سال نیشنل بلائنڈ گیمز کا انعقاد بلا شبہ نیشنل بلائنڈ اسپورٹس فیڈریشن کا کارنامہ ہے،تیسرے ایڈیشن کے کامیاب انعقاد پر اسپانسرز ڈی ایچ اے اسلام آباد اور بحریہ ٹاؤن اسلام آباد کے بے حد مشکور ہیں۔ان گیمز سے ہمیں مختلف کھیلوں کے لئے نیا ٹیلنٹ ملا ہے جو کہ آئندہ کے انٹر نیشنل ایونٹس میں شرکت کرے گا،انہوں نے بلائنڈ کھلاڑیوں کو بھر پور سپورٹ کرنے پر ایچ ای سی کے ڈائرکٹر اسپورٹس جاوید علی میمن اور ڈی ایس پی ٹیلی کمیونیکشن اشر ف عظیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔
