راولپنڈی:بانی پی ٹی آئی عمران خان نے عرب ملکوں کے خلاف سوشل میڈیا مہم سے اعلانِ لاتعلقی کرتے ہوئے مذمت کی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے جیل میں ان سے ملاقات کے بعد بیان دیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے عرب ممالک، بشریٰ بی بی اور شہدا کے خلاف ہونے والے پروپیگنڈا کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اکاؤنٹس کا تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی یہ پارٹی کے کارکنان ہیں۔
فیصل چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ مذاکراتی کمیٹی کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ دینا درحقیقت مذاکراتی عمل کو ناکام بنانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ عمران خان نے مسنگ پرسنز کے حوالے سے تحقیقات کے لیے قاضی انور کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو اتوار تک اپنی رپورٹ مکمل کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ عدالت میں بانی پی ٹی آئی کے لیے بنیادی سہولیات کی فراہمی کی درخواست جمع کروائی ہے، جس پر عدالت نے جیل میں بچوں سے بات کرنے، ڈاکٹر کی رسائی اور کتابیں فراہم کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
فیصل چوہدری کے مطابق عمران خان نے پی ٹی آئی کو مسنگ پرسنز کے مسئلے پر فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ ان کے ذاتی مقدمات مذاکرات کا موضوع نہیں ہوں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت کو ملکی مسائل پر سنجیدگی سے بات چیت کرنی چاہیے اور اس حوالے سے انہوں نے مذاکرات کے لیے آمادگی کا اظہار کیا ہے۔

