برطانیہ کے شہزادہ ہیری نے برطانوی ٹیبلائڈز دی سن اور نیوز آف دی ورلڈ کے خلاف نجی زندگی میں تاک جھانک کرنے کے الزام کے تحت دائر کیے جانے والے مقدمہ واپس لینے پر بظاہر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ مقدمے کی سماعت موخر کردی گئی ہے کیونکہ فریقین عدالت سے باہر ہی تصفیہ کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں اور اس حوالے سے بات چیت جاری ہے۔
شہزادہ ہیری نے اپنے مقدمے میں کہا ہے کہ دونوں ٹیبلائڈز نے اُن کی نجی زندگی میں عشروں تک تاک جھانک کی ہے اور اُن کے خالص ذاتی معاملات کو عوام کے سامنے لانے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کی۔ نیوز آف دی ورلڈ اب بند ہوچکا ہے۔ دی سن شایع ہوتا ہے اور آج بھی اُس کا وتیرہ وہی ہے جو عشروں سے رہا ہے یعنی مشہورِ زمانہ شخصیات کی زندگی کے خالص نجی پہلوؤں کو مںظرِعام پر لانا۔
شہزادہ ہیری سمیت 1300 مشہور شخصیات نے دونوں اخباروں پر مقدمات دائر کیے تھے۔ بیشتر کو ان اخبارات نے گفت و شنید کے ذریعے عدالت سے باہر ہی تصفیے پر راضی کرلیا۔ اب دونوں اخبارات کے خلاف صرف دو مقدمات رہ گئے ہیں۔
شہزادہ ہیری کے بارے میں سمجھا جاتا رہا ہے کہ وہ دونوں اخبارات کو قانونی کارروائی کے ذریعے نیچا دکھانے والے وہ پہلے فرد ہوں گے۔ دی سن اور نیوز آف دی ورلڈ کے خلاف اب تک کوئی بھی مقدمہ کامیاب نہیں ہوسکا ہے۔ شہزادہ ہیری پہلے فرد ہوسکتے تھے جو اپنے مقدمات کو جیتنے میں کامیاب ہوسکتے تھے۔

