دبئی (اسپورٹس ڈیسک )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مردوں اور خواتین کی کیٹیگری میں ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹرز آف دی ایئر کے ناموں کا اعلان کردیا۔آئی سی سی نے افغانستان کرکٹ ٹیم کے آل راونڈر عظمت اللہ عمرزئی کو 2024 میں شاندار کارکردگی پر کرکٹر آف دی ایئر 2024 کے اعزاز سے نواز دیا۔24 سالہ افغان کرکٹر نے 14 ون ڈے میچز میں 417 رنز اور 17 وکٹیں حاصل کیں، 52.12 کی اوسط سے رنز بنائے اور 20.47 کی اوسط سے وکٹیں لیں۔عظمت اللہ کی نمایاں کارکردگیوں میں سری لنکا کے خلاف ناقابل شکست 149 رنز اور جنوبی افریقا کے خلاف 50 گیندوں پر 86 رنز شامل تھے۔ نومبر میں بنگلا دیش کے خلاف سیریز جیتنے والے میچ میں انہوں نے ناقابل شکست 70 رنز کے ساتھ 37 رنز کے عوض 4 وکٹیں بھی حاصل کیں۔افغانستان نے 2024 میں اپنی پانچ میں سے چار ون ڈے سیریز جیتیں،بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کو 2024 میں شاندار کارکردگی پر آئی سی سی مینز ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا۔بمراہ نے ہوم اور غیرملکی کنڈیشنز میں شاندار کارکردگی دکھائی اور بھارت کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی دوڑ میں برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔خواتین کی کیٹیگری میں بھارت کی مایہ ناز بلے باز سمرتی مندھانا نے دوسری بار ویمن کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت لیا۔
