ویب ڈیسک _ امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے قریب مسافر طیارے اور ملٹری ہیلی کاپٹر کے درمیان تصادم کی اطلاعات ہیں۔
خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے کہا ہے کہ مسافر طیارے اور ہیلی کاپٹر کے درمیان تصادم کے معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔
حادثے کے نتیجے میں فوری طور پر کسی ہلاکت کی اطلاعات سامنے نہیں آ سکی ہے۔ حادثے کے بعد رونلڈ ریگن ایئرپورٹ پر فضائی آپریشنز معطل کر دیے گئے ہیں۔
نشریاتی ادارے ‘سی این این’ کے مطابق حادثے کے شکار ہونے والے مسافر طیارے میں 60 مسافر اور عملے کے چار اہلکار سوار تھے۔
سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ ویڈیوز زیرِ گردش ہیں جن میں کافی دور سے نظر آ رہا ہے کہ فضا میں ایک طیارے اور ہیلی کاپٹر کی ٹکر ہونے سے آگ کا شعلہ بلند ہو رہا ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے بدھ کی شب کہا ہے کہ مقامی فضائی کمپنی ’پی ایس اے ایئر لائنز‘ کا ایک جیٹ رونلڈ ریگن نیشنل ایئرپورٹ کے قریب پہنچا ہی تھا جب فضا میں ہی ایک ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق متاثرہ پروازنے کنساس سے پرواز بھری تھی اور وہ رونلڈ ریگن نیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے والا تھا۔
ایئر لائن کی ویب سائٹ کے مطابق حادثے کے شکار ہونے والے جیٹ میں 65 مسافروں کی گنجائش تھی۔
