وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ پاکستان کا بحران 2024 نہیں بلکہ 2018 کے الیکشن کی وجہ سے ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم اور چیئرمین متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برسوں سے سندھ میں کوٹہ سسٹم لگایا ہوا ہے ،پاکستان میں جمہوریت کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب کراچی میں اس مرتبہ فنڈز ضائع نہیں ہونے دیں گے،کراچی کا حق ادا کریں گے، کچھ لوگ مدارس کو بوجھ سمجھتے ہیں حالانکہ انہوں نے بوجھ اٹھایا ہوا ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان اختلاف موجود ہے، جن کے پاس اقتدار کبھی نہیں رہا مگر اختیار پورا رہا ہے، 2018 میں جو آئے انہوں نے کراچی کے لیے آواز بلند نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی بحران نے معاشی بحران بھی پیدا کیا ہوا ہے، کوٹہ سسٹم لسانی بنیاد پر لگایا گیا، یہ قبضہ کرنے کی سازش ہے، جاگیر دارانہ نظام تو چلتا ہی دھونس دھمکی پر ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ پاکستان میں ٹریڈ ڈیفیسٹ نہیں ٹرسٹ ڈیفیسٹ کا مسئلہ ہے، لنگڑی جمہوریت پاکستان کا مسئلہ حل نہیں کرسکتی۔

