واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صہیونی ریاست اسرائیل کے ساتھ گٹھ جوڑ کرتے ہوئے غزہ کے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کے لیے تین ممکنہ ممالک کا انتخاب کیا ہے، جن میں مراکش، صومالی لینڈ اور پنٹ لینڈ شامل ہیں۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹرمپ ایک ایسے منصوبے پر کام کر رہے ہیں جس کے تحت فلسطینیوں کو ان کے گھروں اور سرزمین سے زبردستی نکال کر ان ممالک میں بھیجا جائے گا۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ صرف ایک سیاسی بیان نہیں بلکہ پہلے سے طے شدہ حکمت عملی کا حصہ ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے مطابق ٹرمپ چاہتے ہیں کہ فلسطینیوں کو وقتی طور پر غزہ سے نکالا جائے تاکہ وہاں تعمیر نو کا کام ممکن ہو سکے، تاہم اس منصوبے کو خود امریکی سیاسی حلقوں میں شدید تنقید کا سامنا ہے اور اسے نسلی امتیاز پر مبنی پالیسی قرار دیا جا رہا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی ٹرمپ کے اس منصوبے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے اسے فلسطینیوں کے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور نسل کشی کے مترادف قرار دیا ہے۔

