English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اسرائیلی جارحیت کی شدت میں اضافہ:مصر کی جنگ بندی کی نئی تجویز

القمر

قاہرہ: مصر نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے ایک نیا منصوبہ پیش کیا ہے جب کہ فلسطینی طبی حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 65 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کےمطابق مصر کی جانب سے پیش کی گئی اس نئی جنگ بندی کی تجویز گزشتہ ہفتے سامنے آئی، جس کا مقصد اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری شدید کشیدگی کو کم کرنا ہے،یہ تجویز ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیل نے دوبارہ فضائی اور زمینی حملے شروع کیے، جس سے دو ماہ پر محیط جنگ بندی کا خاتمہ ہوگیا۔

غزہ کی صحت حکام کے مطابق جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سے تقریباً 700 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جن میں کم از کم 400 خواتین اور بچے شامل ہیں۔

نئی جنگ بندی کی تجویز کے تحت حماس ہر ہفتے پانچ اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرے گی، جس کے بعد اسرائیل پہلے مرحلے میں جنگ بندی پر عمل درآمد کرے گا،حماس کے قبضے میں اب بھی 59 اسرائیلی یرغمالی موجود ہیں، جن میں سے 24 کے زندہ ہونے کا امکان ہے۔

امریکا اور حماس نے اس تجویز سے اتفاق کیا ہے تاہم اسرائیل کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا،مصری منصوبے میں اسرائیل کی غزہ سے مکمل انخلا کے لیے ایک مخصوص مدت بھی شامل ہے، جسے امریکا کی ضمانت حاصل ہوگی اور یہ اقدام یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے میں کیا جائے گا۔

دوسری جانب رفح میں اسرائیلی افواج کی پیش قدمی کے باعث ہزاروں افراد تل السلطان میں محصور ہوچکے ہیں،

 اقوام متحدہ کے مطابق حالیہ دنوں میں 1 لاکھ 24 ہزار افراد بے گھر ہو چکے ہیں، جبکہ امداد کی ترسیل میں رکاوٹ، غذائی قلت، اور بنیادی ضروریات کی عدم دستیابی کے باعث انسانی بحران مزید شدت اختیار کر رہا ہے۔

خیال رہےکہ  7 اکتوبر 2023 کے بعد سے اب تک غزہ میں شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے