راولپنڈی:عمران خان کی جیل میں صحت اور علاج سے متعلق ابتدائی طبی رپورٹ پنجاب حکومت کو ارسال کر دی گئی ہے، جس میں ان کے مختلف میڈیکل ٹیسٹس، معائنے اور ڈاکٹرز کی ہدایات کی تفصیلات شامل ہیں، یہ رپورٹ ہوم ڈپارٹمنٹ پنجاب کی ہدایت پر تیار کر کے بھجوائی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے بلڈ پریشر، شوگر لیول اور کولیسٹرول کے تفصیلی چارٹس شامل ہیں، جن سے ان کی موجودہ صحت کی مجموعی صورتحال کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ آنکھوں کے معائنے کی خصوصی رپورٹ بھی متعلقہ حکام کو فراہم کی گئی ہے تاکہ کسی ممکنہ پیچیدگی کی صورت میں فوری اقدامات کیے جا سکیں۔
جیل حکام کے مطابق رپورٹ میں نہ صرف میڈیکل نتائج بلکہ کنسلٹنٹ ڈاکٹرز کی رائے، ڈیوٹی پر موجود طبی عملے کی فہرست اور معائنے کے اوقات بھی درج ہیں۔ دستاویز میں یہ تفصیل بھی شامل ہے کہ کس تاریخ کو کس ڈاکٹر نے معائنہ کیا اور کیا ہدایات جاری کیں، طبی ریکارڈ باقاعدہ طور پر مرتب اور محفوظ کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں کسی بھی سرکاری یا عدالتی ضرورت کے وقت مکمل معلومات دستیاب ہوں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اڈیالہ جیل میں تعینات ڈاکٹرز روزانہ تین مرتبہ عمران خان کا طبی معائنہ کرتے ہیں اور ہر معائنے کی رپورٹ الگ سے درج کی جاتی ہے۔ اس طریقہ کار کا مقصد قیدی کی صحت کی مسلسل نگرانی اور کسی بھی ہنگامی طبی صورتحال سے بروقت نمٹنا ہے۔
یاد رہے کہ ہوم ڈپارٹمنٹ پنجاب نے حال ہی میں جیل حکام کو ہدایت کی تھی کہ عمران خان کے طبی معائنے اور علاج سے متعلق جامع رپورٹ فوری طور پر پیش کی جائے، اس اقدام کا مقصد صحت کے حوالے سے پھیلنے والی قیاس آرائیوں کا خاتمہ اور مستند معلومات کی فراہمی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق متعلقہ ادارے رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لے کر آئندہ لائحہ عمل طے کریں گے جبکہ اگر مزید ٹیسٹس یا ماہرین کی رائے درکار ہوئی تو اس کے لیے بھی انتظامات کیے جائیں گے۔