اسلام آباد: سینیٹ میں سیاسی بیان بازی نے نیا رخ اختیار کر لیا جب سینیٹر فیصل واوڈا نے وفاقی وزیر رانا ثنااللہ کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے انہیں ہوا میں سیاسی تیر نہ چلانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی چالیں اب پرانی ہو چکی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں فیصل واوڈا نے کہا کہ رانا ثنا نے دعویٰ کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو دو مرتبہ ڈیل کی پیشکش کی گئی مگر انہوں نے قبول نہیں کی۔ واوڈا نے سوال اٹھایا کہ یہ پیشکش کب، کہاں اور کیسے کی گئی اور کیا یہ وہی ڈیل ہے جس کا علم صرف حکومتی حلقوں کو ہے۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر مبینہ طور پر ایسی ڈیل واقعی موجود تھی اور بانی پی ٹی آئی اسے قبول کر لیتے تو اس کے نتائج مختلف ہوتے اور پھر سیاستدانوں کے لیے حالات مشکل ہو سکتے تھے، سیاسی میدان میں مقابلہ دلیل اور حقائق سے ہونا چاہیے، مفروضوں اور بیانات سے نہیں۔
سینیٹر واوڈا نے مزید کہا کہ رانا صاحب اُڑتے تیر کی کہاوت تو آپ نے سنی ہو گی، اس لیے محتاط رہیں۔ سیاسی باریک وارداتیں اب پرانی ہو گئی ہیں، کچھ نیا سوچیں، انسان کی عادت بدلی جا سکتی ہے مگر فطرت نہیں اور ساتھ ہی رمضان المبارک کی مبارکباد بھی دی۔
دوسری جانب حکومتی حلقوں کی جانب سے اس بیان پر تاحال باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔