ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

بقایاجات کی عدم ادائیگی: بنگلا دیش نے بھارتی فضائی رسائی محدود کر دی

بھارت کی نجی ایئر لائن اسپائی جیٹ کو بقایاجات کی عدم ادائیگی کے باعث بنگلا دیش کی فضائی حدود تک رسائی میں رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس کے بعد کولکتہ سے شمال مشرقی بھارتی شہروں جانے والی پروازیں متبادل اور طویل راستے اختیار کرنے پر مجبور ہو گئی ہیں۔

بنگلا دیشی اور بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اقدام مالی واجبات کی ادائیگی نہ ہونے کے سبب اٹھایا گیا۔

رپورٹس کے مطابق بنگلا دیشی جریدے ڈیلی سن اور بھارتی اخبار دی اکنامک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ کولکتہ سے گوہاٹی اور امفال سمیت دیگر شمال مشرقی شہروں کے لیے پروازوں کو اب طویل فضائی راستہ اختیار کرنا پڑ رہا ہے۔

اس تبدیلی کے نتیجے میں نہ صرف پرواز کا دورانیہ بڑھ گیا ہے بلکہ ایندھن کے اخراجات میں بھی اضافہ متوقع ہے، جس سے ایئر لائن کے آپریشنل اخراجات مزید بڑھ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ اسپائس جیٹ پہلے ہی گزشتہ چند مہینوں سے مالی مشکلات کا سامنا کر رہی ہے۔ کمپنی کے شیئرز میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا جبکہ دسمبر 2025 کو ختم ہونے والی سہ ماہی رپورٹ میں تقریباً 269.27 کروڑ بھارتی روپے کے نقصان کا انکشاف کیا گیا۔

ماہرین کے مطابق بڑھتے ہوئے قرض، آپریشنل اخراجات اور مسابقتی دباؤ نے کمپنی کی مالی پوزیشن کو کمزور کیا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بنگلا دیش اور بھارت کے درمیان حالیہ سفارتی تناؤ نے بھی فضائی معاملات کو متاثر کیا ہے۔ بعض ماہرین اسے بنگلا دیش کی خودمختار سفارتی پالیسی کا اظہار قرار دے رہے ہیں، جس کے تحت وہ اپنے مالی اور انتظامی مفادات پر سخت مؤقف اختیار کر رہا ہے۔

فضائی حدود تک محدود رسائی بھارت کی ایوی ایشن انڈسٹری کے لیے ایک اور چیلنج سمجھی جا رہی ہے، جو پہلے ہی مختلف مالی اور انتظامی مسائل سے دوچار ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اگر بقایاجات کی ادائیگی اور سفارتی سطح پر معاملات حل نہ کیے گئے تو یہ بحران مزید گہرا ہو سکتا ہے اور مسافروں کو بھی طویل المدتی اثرات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں