نوشہرہ: فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (FIA) نے ضلع نوشہرہ کی تحصیل پبی میں غیر قانونی طور پر پیٹرول اور ڈیزل کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 1 لاکھ 5 ہزار لیٹر پیٹرولیم مصنوعات برآمد کر لی ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق نوشہرہ کے علاقے پبی میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران ایک نجی پارکنگ سے چھ گاڑیاں تحویل میں لی گئیں، جن میں مبینہ طور پر بڑی مقدار میں ایندھن ذخیرہ کیا گیا تھا۔
حکام کے مطابق یہ گاڑیاں مختلف تاریخوں—27 مارچ، 30 مارچ اور 1 اپریل 2026—کو ایک فیول ڈپو سے روانہ ہوئیں اور بعد ازاں انہیں غیر قانونی طور پر ایک نجی مقام پر ذخیرہ کیا گیا۔
کارروائی کے دوران برآمد ہونے والی تمام پیٹرولیم مصنوعات اور گاڑیاں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کے حوالے کر دی گئی ہیں جبکہ ذخیرہ اندوزی کے لیے استعمال ہونے والی جگہ کو سیل کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
