لاہور: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جیسے جیسے عالمی حالات بہتر ہوں گے، عوام کو مزید ریلیف بھی فراہم کیا جائے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود ایک ماہ تک اس کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں کیا گیا، جو ذمہ دار قیادت اور مؤثر حکمت عملی کی واضح مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا تو بھی حکومت نے مکمل بوجھ عوام پر ڈالنے کے بجائے ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے اسے متوازن رکھنے کی کوشش کی، جو عوام دوست پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ موجودہ قیادت مشکل حالات میں بھی عوام کو تنہا نہیں چھوڑتی بلکہ ہر ممکن سہارا فراہم کرتی ہے، اور یہی طرزِ حکمرانی ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت ایک ایسی قیادت کے ہاتھ میں ہے جو عوام کے مسائل کو سمجھتی ہے اور عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے، جبکہ تمام سیاسی جماعتوں اور صوبائی قیادت کو ساتھ لے کر چلنا موجودہ حالات میں نہایت اہم ہے۔
سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ جیسے ہی عالمی حالات میں بہتری آئے گی، حکومت اسی عزم کے ساتھ عوام کو مزید ریلیف فراہم کرے گی اور مہنگائی کے اثرات کو کم کرنے کیلئے اقدامات جاری رکھے گی۔
