English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

دفتر خارجہ نے ایران امریکا کشیدگی میں ثالثی کے دعووں کی تردید کر دی

القمر

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے امریکا اور ایران کے مابین ثالثی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تمام خبروں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان امن مذاکرات کے حوالے سے سامنے آنے والے تمام دعوے جھوٹے ہیں۔

ترجمان طاہر اندرابی نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا کہ مختلف پلیٹ فارمز پر سرکاری ذرائع سے منسوب کر کے ایسی رپورٹس پھیلائی جا رہی ہیں جن کا حقیقت سے دور کا بھی تعلق نہیں۔

وزارت خارجہ نے اس نوعیت کی کوئی معلومات یا پالیسی بیان کسی بھی سطح پر جاری نہیں کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ روز وزارت خارجہ میں ہونے والی بریفنگ کو بھی بعض حلقوں کی جانب سے غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ اس بریفنگ میں ایسے کسی بھی معاملے پر نہ تو کوئی بات چیت ہوئی اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی اشارہ یا عندیہ دیا گیا تھا جس کا سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے خطے کی موجودہ حساس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس نازک وقت میں ذمہ دارانہ صحافت کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ میڈیا پلیٹ فارمز اور عوام قیاس آرائیوں پر مبنی خبروں کو پھیلانے سے گریز کریں کیونکہ ایسی غیر مصدقہ اطلاعات سے خطے میں صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے۔

طاہر اندرابی نے میڈیا کو ہدایت کی کہ وہ درست اور مستند معلومات کے حصول کے لیے صرف سرکاری بیانات، اعلامیوں اور وزارت خارجہ کے ریڈ آؤٹس پر انحصار کریں۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی بے بنیاد خبروں کا مقصد عوام میں ابہام پیدا کرنا ہے جس سے محتاط سفارت کاری کے عمل کو نقصان پہنچ سکتا ہے لہذا ایسی افواہوں پر یقین نہ کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے