اسلام آباد: ملک بھر سمیت کراچی کے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد پہلے ہی مہنگائی کے دباؤ کا شکار عوام پر مزید مالی بوجھ پڑ گیا ہے۔
اس حکومتی فیصلے کے اثرات اپریل کے بجلی کے بلوں میں واضح طور پر نظر آئیں گے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی ایک روپے 42 پیسے مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس کے مطابق یہ اضافہ فروری 2026 کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے اور اس کا اطلاق ملک بھر کے صارفین پر ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اس اضافے کی وصولی اپریل کے بلوں میں کی جائے گی، جس سے گھریلو اور تجارتی صارفین دونوں متاثر ہوں گے۔ بجلی کے نرخوں میں مسلسل اضافے نے متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کے لیے مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔
ادارے کے مطابق حکومتی پالیسی گائیڈ لائنز کے تحت اس فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا، تاہم لائف لائن صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز کو اس اضافے سے مستثنا قرار دیا گیا ہے تاکہ کم آمدنی والے صارفین کو جزوی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ نیپرا نے اس سے قبل فروری کی ایڈجسٹمنٹ پر سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا، جسے اب باضابطہ طور پر جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ اس سے پہلے جنوری کی ایڈجسٹمنٹ میں بھی فی یونٹ ایک روپے 63 پیسے اضافہ کیا گیا تھا، جس سے بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
