English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اسلام آباد مذاکرات: ایران کے 71 رکنی وفد میں کون کون شامل ہے؟

القمر

اسلام آباد: ایران اور امریکا کے درمیان جاری اہم مذاکرات کے لیے ایران کا 71 رکنی اعلیٰ سطحی وفد پاکستان پہنچ چکا ہے۔

اس وفد کی قیادت ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کر رہے ہیں، جبکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی اس اہم وفد کا حصہ ہیں۔

مذاکرات کی حساس نوعیت کے پیش نظر ایران نے اپنی ٹیم کو نہایت احتیاط سے تشکیل دیا ہے۔ وفد میں مذاکرات کاروں کے علاوہ تکنیکی ماہرین، مختلف امور پر مشاورتی کمیٹیاں، سیکیورٹی اہلکار اور میڈیا کے نمائندے شامل کیے گئے ہیں تاکہ پیچیدہ معاملات پر فوری اور درست مشاورت حاصل ہو سکے۔

دوسری جانب امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس کر رہے ہیں۔ اس وفد میں خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر بھی شامل ہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان یہ ملاقاتیں خطے میں تیزی سے بدلتی ہوئی جغرافیائی اور سیاسی صورتحال کے تناظر میں انتہائی اہمیت کی حامل سمجھی جا رہی ہیں۔

مذاکرات کے دوران ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے پیش کردہ 15 نکاتی تجویز خاص طور پر زیر بحث رہے گی۔ ان تجاویز میں ایران کی جانب سے جوہری ہتھیار نہ بنانے کی ضمانت، افزودہ یورینیم کی بین الاقوامی حوالے، ایران کی دفاعی صلاحیتوں پر ممکنہ پابندیوں کے نفاذ اور آبنائے ہرمز کو بحری جہازوں کی آمدورفت کے لیے دوبارہ مکمل طور پر کھولنے جیسے اہم نکات شامل ہیں۔

دوسری جانب ایران کی جانب سے بھی مطالبات کی ایک فہرست سامنے آئی ہے، جس میں جوہری اور میزائل پروگرام کو دفاعی حق، آبنائے ہرمز سے متعلق مؤقف سمیت عالمی پابندیوں میں نرمی کے مطالبات رکھے گئے ہیں۔

یہ مذاکرات خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے حوالے سے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کی طرف سے ماہرین کی موجودگی اس بات کی عکاس ہے کہ فریقین کسی ٹھوس نتیجے تک پہنچنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں، جس کے اثرات عالمی سطح پر مرتب ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے