English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کرپشن کا دھندا ہے جسے ختم ہونا چاہئے: منعم ظفر خان

القمر

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے شہر کی موجودہ صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر مسائل کا فوری تدارک نہ کیا گیا تو جلد عوامی احتجاج کی کال دی جائے گی۔

کراچی میں ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ شہر میں جاری ترقیاتی منصوبے سست روی کا شکار ہیں اور کوئی ایک منصوبہ بھی تکمیل کے قریب دکھائی نہیں دیتا، اگرچہ کراچی کے لیے اربوں روپے کے اعلانات کیے جاتے ہیں، مگر عملی سطح پر پیش رفت نہ ہونے کے برابر ہے، جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ریڈ زون حکمرانوں کو مبارک ہو، عوام کو اس سے کوئی فائدہ نہیں پہنچ رہا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ صوبائی حکومت بلدیاتی نمائندوں، خصوصاً ٹاؤن چیئرمینز کو اختیارات منتقل کرنے سے گریزاں ہے، جس کے باعث نچلی سطح پر مسائل حل نہیں ہو پا رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بدعنوانی کا سلسلہ کھلے عام جاری ہے اور اصل اختیارات مخصوص مقامات سے استعمال کیے جا رہے ہیں، جبکہ ریڈ لائن منصوبے کی لاگت بڑھ کر 103 ارب تک جا پہنچی ہے، جو تشویش کا باعث ہے۔

منعم ظفر خان نے سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے کرپشن کا گڑھ قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ اس نظام کا فوری خاتمہ کیا جائے۔

سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ حالیہ سٹی کونسل اجلاس کے دوران عدم اعتماد کی تحریک کے موقع پر میئر مرتضیٰ وہاب نے غیر جمہوری طرز عمل اختیار کیا۔ ان کے مطابق اختلاف رائے رکھنے والوں کی آواز دبانے کے لیے پارلیمانی لیڈر پر تشدد کیا گیا، جس کی وہ شدید مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعے کا جواب متعلقہ جماعت کو دینا ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے