اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران اور اس کے اتحادیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
اپنے بیان میں انہوں نے ترک صدر رجب طیب اردوان پر ایران کی معاونت کا الزام عائد کیا اور انہیں کردوں کے خلاف کارروائیوں میں ملوث بھی قرار دیا۔
نیتن یاہو نے ایک بار پھر واضح کیا کہ اسرائیل ایران اور اس کے اتحادیوں کے خلاف اپنی مہم جاری رکھے گا۔
دوسری جانب ترک صدارتی دفتر کے مواصلاتی امور کے سربراہ برہان الدین دوران نے نیتن یاہو کے بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جاری کارروائیوں اور خطے کے متعدد ممالک پر حملوں کے باعث اسرائیلی وزیراعظم خود تنقید کی زد میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو ترک قیادت کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ ان کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ بھی جاری ہو چکے ہیں۔ ان کے مطابق نیتن یاہو اپنی سیاسی بقا کے لیے خطے کو مزید کشیدگی کی طرف دھکیل رہے ہیں اور وہ دوسروں کو تنقید کا نشانہ بنانے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں۔
ترک حکام کا مزید کہنا تھا کہ بالآخر نیتن یاہو کو انسانیت کے خلاف جرائم کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔
