English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایران کے ساتھ جنگ اسرائیل پر 11 ارب 50 کروڑ ڈالر سے زائد کا بوجھ ڈال گئی

القمر

ایران کے ساتھ حالیہ کشیدگی اور جنگی صورتحال نے اسرائیل کی معیشت پر بھاری بوجھ ڈال دیا ہے، جہاں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک اربوں ڈالر کے اخراجات سامنے آ چکے ہیں، جو ملکی خزانے پر غیر معمولی دباؤ کا باعث بن رہے ہیں۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ جنگی سرگرمیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 11 ارب 52 کروڑ ڈالر سے زائد کے اخراجات برداشت کیے جا چکے ہیں، جن میں سب سے بڑا حصہ دفاعی مد میں آنے والے اخراجات کا ہے، فوجی ضروریات، آپریشنل سرگرمیوں اور سیکیورٹی انتظامات پر خطیر رقم صرف کی گئی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے حوالے سے سامنے آنے والی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ان اخراجات میں اسلحے کی فراہمی، جنگی طیاروں کی پروازوں کے گھنٹے، ریزرو فوجیوں کی خدمات اور جنگ کے دوران ہونے والے نقصانات شامل ہیں، جس نے مجموعی مالی دباؤ کو مزید بڑھا دیا ہے۔

ترک ذرائع کے مطابق یہ اعداد و شمار ابتدائی نوعیت کے ہیں اور انہیں پہلے ہی 2026 کے بجٹ کا حصہ بنا لیا گیا ہے، تاہم اس تخمینے میں جنگ کے بعد ہونے والی تعمیر نو کے اخراجات یا معیشت کی جزوی بندش سے مجموعی قومی پیداوار کو پہنچنے والے نقصانات کو شامل نہیں کیا گیا، جس کے باعث حقیقی مالی بوجھ اس سے کہیں زیادہ ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب وزارت خزانہ نے دفاعی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تقریباً 2.3 ارب ڈالر کی اضافی رقم بھی مختص کر دی ہے، جس سے آئندہ دنوں میں فوجی اخراجات میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

مزید برآں حکام نے جائیداد ٹیکس کے تحت معاوضوں کی مد میں 3.8 سے 4.2 ارب ڈالر تک ادائیگیوں کا تخمینہ لگایا ہے، جو ان شہریوں کو دی جائیں گی جن کے مکانات اور کاروبار جنگی صورتحال کے باعث متاثر ہوئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ مالی دباؤ آنے والے عرصے میں اسرائیل کی اقتصادی حکمت عملی پر گہرے اثرات مرتب کر سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے