اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے امریکی سفارتخانے کے ڈپٹی چیف آف مشن نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جے یو آئی (ف) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں عالمی حالات، خطے کی امن و امان کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری کشیدگی اور امن کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات پر بھی بات چیت ہوئی اور مختلف زاویوں سے صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے خطے میں استحکام اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں مجوزہ قانون سازی کے مختلف پہلوؤں پر بھی غور کیا گیا اور اس حوالے سے سیاسی و پارلیمانی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر موجود رہنماؤں نے اپنی اپنی آراء کا اظہار کیا۔
ملاقات میں مولانا عبدالغفور حیدری، کامران مرتضیٰ، اسلم غوری، مولانا اسعد محمود اور مولانا اسجد محمود بھی شریک تھے۔
