ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

فلسطینی قیدیوں پر جنسی تشدد اور غیر انسانی مظالم؛ اقوام متحدہ نے اسرائیل کو بلیک لسٹ کردیا

نیویارک: اقوام متحدہ نے مقبوضہ علاقوں میں فلسطینی قیدیوں کے ساتھ جنسی تشدد اور بدترین سلوک کے مرتکب ہونے پر اسرائیل کو باضابطہ طور پر بلیک لسٹ کر دیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق عالمی ادارے کا یہ اقدام انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر ایک سخت عالمی ردعمل تصور کیا جا رہا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے اس فہرست میں خاص طور پر اسرائیلی جیل سروس کو شامل کیا گیا ہے۔ عالمی تنظیم کا کہنا ہے کہ جیلوں میں موجود فلسطینیوں کے خلاف جنسی اور تولیدی تشدد کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

اقوام متحدہ کی جانب سے اس فہرست کو مزید وسیع کرنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے جس کے تحت دیگر اسرائیلی سیکیورٹی ایجنسیوں کی سرگرمیوں کی بھی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ان اداروں پر الزام ہے کہ وہ قیدیوں کے بنیادی حقوق کو بری طرح پامال کر رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حکام نے اس فیصلے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس بلیک لسٹ میں ماضی میں حماس، داعش اور افریقی ممالک کے مسلح گروہ شامل رہے ہیں۔ اسرائیل نے اس اقدام کو اپنی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی ایک منظم کوشش قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس مارچ کے مہینے میں اقوام متحدہ کے ایک خصوصی کمیشن نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ جاری کی تھی۔ اس رپورٹ میں واضح طور پر نشاندہی کی گئی تھی کہ اسرائیلی قید خانوں میں فلسطینی مرد و خواتین کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا جانا معمول بن چکا ہے۔

بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں نے اقوام متحدہ کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور اسے انصاف کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے اسرائیل پر عالمی دباؤ بڑھے گا اور اسے قیدیوں کے حقوق کی پاسداری پر مجبور کیا جا سکے گا۔

عالمی برادری اب اسرائیل سے مطالبہ کر رہی ہے کہ وہ جیلوں کے اندر ہونے والے ان ہولناک واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائے۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں