English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستانی ’بلیو ہیلمٹس‘ کی عالمی امن کیلیے لازوال قربانیاں: آئی ایس پی آر کا خراج تحسین

القمر

راولپنڈی: اقوام متحدہ کی امن فوج کے رواں برس عالمی دن کے موقع پر پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے عالمی امن کے قیام کے لیے خدمات انجام دینے والے پاکستانی ’’بلیو ہیلمٹس‘‘کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کئی دہائیوں سے دنیا کے مختلف تنازع زدہ خطوں میں امن کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستانی امن فوجیوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور انسانی ہمدردی کے جذبے سے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 1960 سے اب تک 2 لاکھ 37 ہزار سے زائد پاکستانی اہلکار اقوام متحدہ کے مختلف امن مشنز میں حصہ لے چکے ہیں، جبکہ 183 بہادر سپاہیوں نے عالمی امن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ قربانیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان دنیا میں پائیدار امن کے قیام کو اپنی ذمہ داری سمجھتا ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتا رہے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس وقت بھی پاکستانی امن فوجی کانگو، جنوبی سوڈان اور وسطی افریقی جمہوریہ سمیت کئی خطرناک علاقوں میں تعینات ہیں جہاں وہ نہ صرف امن و امان برقرار رکھنے بلکہ انسانی بحران، موسمیاتی چیلنجز اور مقامی آبادی کے تحفظ جیسے پیچیدہ معاملات سے نمٹنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ جدید دور کے تنازعات پہلے سے زیادہ پیچیدہ ہوچکے ہیں جہاں روایتی خطرات کے ساتھ سائبر حملے، غلط معلومات کی مہمات، سیاسی عدم استحکام اور موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والی صورتحال بھی امن فوجیوں کے لیے بڑے چیلنج بن چکی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ رواں برس اقوام متحدہ کے امن مشنز کا موضوع ’’امن میں سرمایہ کاری‘‘ رکھا گیا ہے، جو دنیا کو یہ پیغام دیتا ہے کہ تنازعات کے بعد ردعمل دینے کے بجائے پہلے سے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔

آئی ایس پی آر نے زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس نظام، شہری تحفظ کے مؤثر طریقہ کار اور موسمیاتی لحاظ سے مضبوط آپریشنل ڈھانچوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے کمزور آبادیوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان اور اس کی مسلح افواج عالمی امن کے مقاصد کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم پر قائم ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے